عظمیٰ بخاری کا کہنا ہےکہ الحمدللہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو ماہ کے دوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے سستا ہوا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا ہےکہ آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں ریکارڈ کمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بہتر حکمت عملی اور ویژن کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ کوئی عجوبہ نہیں بلکہ متحرک اور فعال وزیراعلیٰ کی گڈ گورننس کا عملی مظاہرہ ہے، پنجاب میں پہلی بار سستی روٹی اور سستا آٹا مل رہا ہے، عام آدمی کی ضرورت روٹی ہے اسکو پورا کرنا مریم نواز کی پہلی ترجیح ہے، مریم نواز کمزور طبقات کی محرومیاں ختم کرنے آئی ہیں، مریم نواز کا کام بول رہا ہے اس لیے مخالفین ان سے خوفزدہ ہیں، عوام سے کیا ہر وعدہ پورا ہوگا پنجاب میں صرف خدمت،ریلیف اور آسانیاں پیدا کرنے آئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ مریم نواز پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے ان سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، غریب کا پیٹ تقریروں اور بھڑکیں مارنے سے نہیں روٹی سے بھرتا ہے، ہماری وزیراعلی کو غریب کی روٹی، آٹے اور سبزیوں کی فکر ہے، غریب کا چولہا چلے گا فلاحی ریاست بنیں گے اگر غریب کا چولہا بند تو ہم ناکام ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہاکہ مریم نواز نیک نیتی اور ایمانداری سے عوام کی خدمت کررہی ہیں اس لیے اللہ انکو کامیابیاں دے رہا۔
