آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے تیار آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کی کمیشننگ کی تقریب کا انعقاد رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا میں ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تقریب میں رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل گورگھیٹا ولاد نے شرکت کی جبکہ رومانیہ نیوی کے چیف وائس ایڈمرل میہائی پینائیت بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس حنین کثیرالمقاصد، سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے، ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ الیکٹرانک وار فیئر کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ آپریشنز کی صلاحیت رکھتا ہے، جہاز کی شمولیت سے آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم سیکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، بحر ہند میں میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول میں تعیناتی مستحکم ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔
انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ تقریب میں پاکستان، رومانیہ، ہالینڈ کے اعلیٰ حکام، رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے بھی شرکت کی۔
