وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خبروں میں سچائی کا انتخاب صحافیوں کا عزم ہونا چاہئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خبروں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج عالمی خبروں کا دن ‘سچائی کا انتخاب کریں’ کی تھیم سے منایا جارہا ہے، تحقیق، تصدیق اور شفافیت کے ساتھ خبروں کی نشر و اشاعت سے صحافت کا معیار بہتر ہوتا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق مراد علی شاہ نے کہا کہ سوشل میڈیا غلط بیانیوں کی افزائش کی بنیاد بن چکا ہے، سوشل میڈیا پر کلک بیٹ اور سنسنی خیزی نے محتاط اور تصدیق شدہ معلومات کو زیر کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایسے ماحول کے برعکس صحافت اپنا مثبت کردارادا کر رہی ہے، صحافت کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے تصدیق شدہ خبروں کی رسائی لازمی ہے، سندھ حکومت صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔
