وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایس سی او کے پاکستان میں ہونے سے پاکستان کو تقویت ملے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او سے قبل ایک تقریب کی ضرورت تھی، آج ایس سی او کے دس مستقل ممبر ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت اور مستقبل کیلئے اس فورم کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں، ہماری معیشت دن بدن بہتر ہورہی ہے، ایس سی او کے پاکستان میں ہونے سے پاکستان کو تقویت ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، یہ قربانی ہم نے دنیا کے امن کیلئے دی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کلائمٹ چینج کے مسئلے کو ہر فورم پر اٹھایا، کلائمٹ چینج کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، کلائمٹ چینج کیلئے بہت زیادہ تعاون اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ آستانہ میں ہم نے فلسطین کے مسئلے کو اٹھانے پر زور دیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے خود بھی جاندار طریقے سے فلسطین کی آواز اٹھائی، اس دفعہ بھی ایس سی او میں فلسطین کے مسئلے پر بات ہوگی، فلسطین میں امن کے بغیر دنیا میں امن ناممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے نسل کشی جاری ہے، وائٹ فاسفورس اور بیلسٹک میزائل کا ہسپتالوں اور بچوں پر استعمال کس جنگی اصول کے تحت ہوتا ہے، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔