Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہماری سرزمین دنیا کی سولہ بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے آٹھ چوٹیوں کا مسکن ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہماری یہ سرزمین دنیا کی سولہ بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے آٹھ چوٹیوں کا مسکن ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پہاڑوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر زمین پر پہاڑوں اور ان سے جڑے لاکھوں لوگ، جن کی زندگیاں ان شاندار مناظر سے جڑی ہوئی ہیں، کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں۔

 شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیارے ملک کو درجنوں برف پوش اور سر سبز اونچی چوٹیوں سے نوازا ہے۔  K-2 جو کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ، اور نانگا پربت، دنیا نویں بلند ترین چوٹی کے علاوہ 7,000 سے زیادہ گلیشیئرز، جو قطبی خطوں سے باہر برف کا سب سے بڑا ذخیرہ ہیں، پاکستان میں ہی واقع ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پہاڑ، جنہیں اکثر دنیا کے “واٹر ٹاورز” کہا جاتا ہے، میٹھے پانی اور صاف ہوا جیسے ضروری وسائل کا ذریعہ ہیں۔ دنیا بھر کے  پہاڑوں کو  موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی اور  دیگر غیر پائیدار طرز عمل کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سال پہاڑوں کے عالمی دن کا موضوع “پہاڑوں کی پائیداری  کے لیے حل – جدت، موافقت، نوجوان اور مستقبل “، مشترکہ کوششوں، اختراع، مقامی دانش کے احترام اور پہاڑوں کے تحفظ کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے میں نوجوانوں کی فعال شمولیت کی  یاد دہانی ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پہاڑوں کی حفاظت  کے لیے کئی دہائیوں سے کام کر رہا ہے۔اس سلسلے میں  نیشنل ماؤنٹین کنزرویشن اسٹریٹجی سے لے کر ماحولیاتی سیاحت کے فروغ  اور پائیدار ترقی کے اہداف پر توجہ مرکوز ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے جدید حل جیسا کہ ارلی وارننگ سسٹمز، زمین کے انحطاط کو روکنے کے لیے بائیو انجینئرنگ تکنیک، اور سیلاب سے بچاؤ کے لئے پائیدار تعمیرات کے ذریعے، ہم خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں محفوظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مزاحم کمیونٹیز کی تعمیر کر رہے ہیں تاکہ ہماری کمیونٹیز  محفوظ بھی رہیں اور ترقی بھی کریں۔

شہباز شریف نے مزید یہ بھی کہا کہ دنیا میں چند انتہائی بہترین پہاڑوں اور چوٹیوں  کے محافظ کے طور پر، آئیے ہم آج کے دن،  ان کے قدرتی ماحول کی حفاظت اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے، ان کی خوبصورتی کو محفوظ رکھنے کا عزم کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version