Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک فضائیہ کے سربراہ کا دورۂ انڈونیشیا: دفاعی تعاون میں نئے باب کا آغاز

انہیں انڈونیشین فضائیہ کے اعلیٰ ترین اعزاز “میڈل آف آنر” سے بھی نوازا گیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  نے انڈونیشیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات

ایئر چیف نے صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ اقدار، برادرانہ تعلقات اور دفاعی اشتراک کو اجاگر کیا۔

صدر پرابوو نے انڈونیشیا کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاک فضائیہ کے جدید تربیتی نظام اور ایرو اسپیس ترقیاتی ڈھانچے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر دفاع اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں

ایئر چیف مارشل نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جعفری شمس الدین، نیشنل آرمڈ فورسز کے کمانڈر اور انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں بنیادی سے اعلیٰ سطح تک مشترکہ تربیت کے فروغ، پیشہ ورانہ تبادلوں میں اضاف، ایرو اسپیس شعبے میں اشتراک اور آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ میں تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے وسیع جنگی تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے عملی تربیت اور آپریشنل اشتراک بڑھانے کی درخواست بھی کی۔

گارڈ آف آنر اور اعلیٰ اعزاز

دورے کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو انڈونیشین افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ انہیں انڈونیشین فضائیہ کے اعلیٰ ترین اعزاز “میڈل آف آنر” سے بھی نوازا گیا۔

انڈونیشین قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدت اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے جدید تکنیکی انفراسٹرکچر کو سراہتے ہوئے اسے باہمی تعاون کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version