Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی سفارتکاری کا مرکز بننے والے اسلام آباد میں تیاریاں شروع

اہم راستوں پر کنٹینرز لگا کر آمد و رفت محدود کی جا رہی ہے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع اہم مذاکرات کے پیش نظر سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں شرکت کیلئے آنے والے غیرملکی وفود کی میزبانی کے لیے ایک نجی فائیو اسٹار ہوٹل کو منتخب کر لیا گیا ہے، جہاں اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ہوٹل انتظامیہ نے موجودہ مہمانوں کو فوری طور پر کمرے خالی کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں تاکہ مکمل طور پر وفود کے لیے جگہ مختص کی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے اطراف کی سڑکوں کو سیل کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے اہم راستوں پر کنٹینرز لگا کر آمد و رفت محدود کی جا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے علاقے کی مکمل نگرانی کریں گے۔

مزید برآں غیرملکی مہمانوں کی آمد و رفت کیلئے خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے، جس کے تحت مخصوص روٹس مختص کیے جائیں گے تاکہ نقل و حرکت محفوظ اور بلا رکاوٹ بنائی جا سکے۔

حکام کے مطابق یہ غیرمعمولی اقدامات حساس نوعیت کے مذاکرات اور اعلیٰ سطحی سیکیورٹی تقاضوں کے باعث کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version