وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 11 اور 12 اپریل کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف اوقات میں اہم شاہراہوں پر ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والوں کے لیے بھی خصوصی روٹس تجویز کیے گئے ہیں۔
پشاور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو فیصل موڑ، چکری، چک بیلی روڈ اور روات روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والے مسافروں کے لیے روات، چک بیلی روڈ، چکری اور ٹیکسلا موٹروے تجویز کی گئی ہے۔
اسی طرح جی فائیو، ایف سکس اور جی سکس سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی طرف موڑا جائے گا، جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والے بھی نائنتھ ایونیو استعمال کریں گے۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والوں کو کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری صدر روڈ کے ذریعے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو اور کورال چوک تک ایکسپریس وے دونوں اطراف سے بند رہے گی، جبکہ کرنل شیر خان روڈ سے فیصل ایونیو جانے والوں کو اسٹیڈیم روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں، 11 اور 12 اپریل کو شہر میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہری تعاون کریں اور پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ سفر کریں تاکہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔
