اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے لیے امن مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جی ڈی وینس نے اہم ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امریکی نمائندوں سٹیو وٹکاف اور جیرڈ کشنر نے بھی شرکت کی جب کہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے فریقین کی جانب سے تعمیری بات چیت کے لیے مضبوط عزم کی تعریف کی اور کہا کہ امید ہے یہ مذاکرات خطے میں دیر پا امن کے لیے اہم قدم ہو گا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif held a meeting with His Excellency JD Vance, Vice President of the United States of America on the sidelines of Islamabad Talks. 11 April, 2026. pic.twitter.com/7hIs5pmvrp
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) April 11, 2026
دوران ملاقات وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن کے لیے فریقین کو ہر قسم کی سہولت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
پاکستان نے فریقین کے درمیان تعمیری مذاکرات کی امید ظاہر کردی
یاد رہے کہ ایران سے جنگ بندی مذاکرات کے لیے امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں جب کہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی ہمراہ ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی وفد کا استقبال کیا جب کہ اسحاق ڈار نے امریکی قیادت کے امن و استحکام کے لیے عزم کو سراہا۔
پاکستان نے فریقین کے درمیان بامقصد اور تعمیری مذاکرات کی امید ظاہر کردی اور تنازع کے پائیدار حل کے لیے سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
’مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے‘
دوسری جانب ایران کا اعلیٰ سطحی وفد بھی اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے پہنچ گیا ہے جس کی قیادت محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جب کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
اسلام آباد آمد پر وفد کا استقبال پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا تاہم اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے بھی معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے۔
