Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بحریہ اور اداروں کا مشترکہ آپریشن، منشیات و غیر قانونی شراب کی بھاری کھیپ برآمد

برآمد شدہ ممنوعہ سامان کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے

بحیرہ عرب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

یہ کارروائی  پاکستان بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن  اور اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے باہمی تعاون سے انجام دی گئی، جس میں بحیرہ عرب میں ایک مشکوک اور بے ریاست جہاز کو روکا گیا۔

حکام کے مطابق جہاز سے بڑی مقدار میں غیر قانونی شراب برآمد ہوئی، جو اسمگلنگ نیٹ ورک کے ذریعے غیر قانونی ترسیل اور تقسیم کے لیے منتقل کی جا رہی تھی۔ بروقت انٹیلیجنس شیئرنگ اور مربوط کارروائی کے باعث یہ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔

برآمد شدہ ممنوعہ سامان کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے، جو خطے میں سرگرم غیر قانونی نیٹ ورکس کے لیے بڑا دھچکا ہے۔

تمام ضبط شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد منشیات فورس (سندھ) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ کارروائی پاکستان کے بحری و سیکیورٹی اداروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور سمندری سرحدوں کے تحفظ کے عزم کی واضح مثال ہے، جو اسمگلنگ کی روک تھام اور علاقائی سلامتی کے لیے جاری کوششوں کو مزید تقویت دیتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version