کراچی: انڈر پاس کے تعمیراتی کام کو مکمل ہونے میں مزید وقت درکار،اس بار تاخیر میں کے ڈی اے کے ساتھ واٹر کارپوریشن بھی شامل ہوگیا۔
کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ انڈر پاس کے ساتھ موجود موسیٰ کالونی کو جانے والی پانی سپلائی لائن پر تاحال کام مکمل نہ ہو سکا۔
دوسری جانب انڈر پاس کا 90 فیصد کام مکمل ہونے کے بعد واٹر کارپوریشن حکام جاگ اٹھے کے ڈی اے حکام کو خط لکھ دیا۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق انڈر پاس کے تعمیراتی کام کے دوران موسیٰ کالونی کی پانی سپلائی لائن کو نقصان پہنچا تھا۔
واٹر کارپوریشن کی طرف سے نئی لائن ڈالنے کا کام اپریل کے پہلے ہفتے سے شروع کرنے کا کہا گیا تھا تاہم تاحال لائن بچھانے کا کام مکمل نہ ہو سکا۔
کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی لائن کا کام مکمل ہونے کے بعد ہی انڈر پاس کا افتتاح ممکن ہو پائے گا جبکہ ڈی جی کے ڈی اے نے 10 اپریل کو انڈر پاس کے افتتاح کی تاریخ دی تھی اس سے قبل بھی انڈر پاس کے افتتاح کی کئی تاریخیں دی جا چکی ہیں۔
خیال رہے کہ کریم آباد انڈر پاس کے تعمیراتی کام کا آغاز دسمبر 2023 میں ہوا تھا منصوبے کو ایک سال میں مکمل ہونا تھا تاہم تین سال گزرنے کے بعد بھی منصوبے کی تکمیل نہ ہو پائی۔



















