Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور ترکیہ میں صحت کے شعبے میں بڑے اشتراک پر اتفاق، مشترکہ ٹیم بنانے کا فیصلہ

دونوں ممالک نے صحت کے مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال سے ترکیہ کے سفیر نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے صحت کے مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا جن میں سرمایہ کاری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، ہیلتھ ٹورازم، طبی آلات کی مقامی پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہیں۔

فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ فوکل ٹیم تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، جو ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرے گی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایک مؤثر ون ونڈو سسٹم قائم کیا جائے تاکہ دوطرفہ منصوبوں پر عملدرآمد کو آسان، تیز اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔