Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی جھلسنے لگا، گرمی نشہ اور لاپرواہی سے ایک ہی دن میں 8 زندگیاں ختم

شہر میں بڑھتے درجہ حرارت اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے

کراچی میں بڑھتی ہوئی گرمی نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے جہاں مختلف علاقوں سے ملنے والی لاشوں اور دورانِ علاج اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 8 تک جا پہنچی ہے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ان میں سے کئی اموات نشے کی زیادتی جبکہ کچھ شدید گرمی اور ناساز حالت کے باعث ہوئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے افسوسناک واقعات پیش آئے۔ منگھوپیر کے علاقے صائمہ عربین ولاز کے قریب سے تقریباً 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جسے نشے کی زیادتی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح گلشن حدید النور ہوٹل کے قریب سے 50 سالہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ ڈیفنس فیز 8 خیابان ثاقب کے علاقے سے 36 سالہ ایک اور شخص کی لاش برآمد ہوئی—ان دونوں اموات کی وجہ بھی بظاہر نشے کی زیادتی بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کلفٹن کے بوٹ بیسن سپر مارکیٹ کے قریب 60 سالہ شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ لیاقت آباد نمبر 10 کے پل کے نیچے سے ملنے والا 50 سالہ شخص بھی دورانِ علاج دم توڑ گیا جبکہ سپرہائی وے جمالی پل کے قریب شیل پمپ کے پاس 45 سالہ شخص کی لاش ملی، جس کی موت بھی طبیعت بگڑنے کے بعد ہوئی۔

سرجانی ٹاؤن سیکٹر 33 کے قریب سے 50 سالہ در محمد کی لاش ملی، جس کی شناخت چھیپا ذرائع نے کی جبکہ بلدیہ ٹاؤن اسپارکو روڈ پر طیبہ مسجد کے قریب 55 سالہ عبدالودود گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکا اور جان کی بازی ہار گیا۔

شہر میں بڑھتے درجہ حرارت اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، پانی کی کمی اور نشہ آور اشیاء کا استعمال مل کر جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور کسی بھی مشتبہ یا بے ہوش شخص کی فوری اطلاع ریسکیو اداروں کو دیں، کیونکہ ذرا سی تاخیر ایک اور جان لے سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version