اسلام آباد: پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سمندری محاذ پر ہر وقت جنگی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی ہے جس میں اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کانفرنس کی صدارت نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کی، جنہیں پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اجلاس میں نیول چیف نے ہدایت دی کہ سمندری محاذ پر ہر وقت مکمل جنگی تیاری برقرار رکھی جائے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے عزم کو دہرایا جائے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران ’’معرکہ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جب کہ ان کی قربانیوں کو قومی یکجہتی اور بیرونی جارحیت کے خلاف کامیابی کی علامت قرار دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے دوران نیول چیف کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطے کی بحری سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے تاہم پاک بحریہ خلیج عمان میں میری ٹائم کمیونٹی کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ حالیہ کامیابیاں پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں اور پاک بحریہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
