گلوبل صمود فلوٹیل پر اسرائیلی حملوں کے خلاف پاکستان سمیت 10 ممالک وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیل کا مقصد فلسطینی عوام کی المناک انسانی صورتحال کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا تھا۔
وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان بین الاقوامی پانیوں میں فلوٹیلا مشنز کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری جہازوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانے والے مسلسل جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہیں جہازوں پر حملے اور کارکنوں کی حراست بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
وزرائے خارجہ نے فلوٹیلا میں شامل شہری شرکاء کی سلامتی اور تحفظ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے تمام گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی اور حقوق اور وقار کے مکمل احترام کا مطالبہ کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پُرامن انسانی ہمدردی کے اقدامات پر بار بار حملے بین الاقوامی قانون اور آزادیِ جہاز رانی سے مسلسل بے اعتنائی کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے، شہریوں اور انسانی مشنز کے تحفظ کو یقینی بنائے اورانسانی حقوق و عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خاتمے، احتساب اور جوابدہی کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
