Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پروپیگنڈا اور دہشت گردی سے پاکستان کی ترقی کا سفر نہیں روکا جا سکتا، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا

کوئٹہ: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی سے نہیں روکا جا سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ وابستگی کے باعث نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے جدید جنگی تقاضوں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ملٹی ڈومین آپریشنز سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افسران اور جوانوں کو بدلتے ہوئے جنگی ماحول کے مطابق خود کو مسلسل تیار رکھنا ہوگا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت، مکمل تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سید عاصم منیر نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے نہیں روکا جا سکتا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی پیشرفت روکنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومت بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور ریاستی رشتوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کی بھی تعریف کی۔

متعلقہ خبریں