آزاد کشمیر کے حلقہ نکیال میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا جبکہ پاک فوج اور پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران میرپور ڈویژن میں پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم ضلع بھمبر کے ایک پولنگ اسٹیشن پر بھی ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا۔
انتظامیہ کے مطابق دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر بعض شرپسند عناصر نے ہنگامہ آرائی کے دوران بیلٹ باکس چھین لیا اور اسے آگ لگا دی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کے مطابق متاثرہ بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن کے علاوہ میرپور ڈویژن کے دیگر تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔ دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ الیکشن حکام بعد میں کریں گے۔
میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ جاری ہے جن میں ضلع میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستیں شامل ہیں ان حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار مدمقابل ہیں۔
انتخابی میدان میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور آزاد امیدوار بھی کامیابی کے لیے انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔
میرپور ڈویژن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 437 ہے، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے 2 ہزار 316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 1 ہزار 241 کو انتہائی حساس اور 724 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
امن و امان برقرار رکھنے کے لیے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کے 2 ہزار 100 جوان بھی انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
‘انتخابی ماحول خراب کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘
دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان کا کہنا ہے کہ ریاستی ادارے پُرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انتخابی ماحول خراب کرنے یا امن و امان میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
‘باہر نکلیں، تیر پر مہر لگائیں’
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ آزاد جموں و کشمیر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں میرپور کے عوام کے لیے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری کریں تو آئیں باہر نکلیں، تیر پر مہر لگائیں اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔
