بشکیک: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے معاہدہ کیا گیا جبکہ تعلیمی شعبے میں تعاون کے لیے دونوں ممالک کی وزارتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
اس کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت طے پائی۔ دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے اور مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز ہیں۔
انہوں نے کرغزستان کی شاندار میزبانی پر صدر صادق ژاپاروف کا شکریہ بھی ادا کیا اور کرغز صدر کو دوبارہ پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
وزیراعظم نے کرغزستان کی قیادت کو یومِ آزادی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔
دوسری جانب کرغزستان کے صدر صادق ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کرغزستان کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک اعلیٰ سطح کے رابطوں کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
صدر صادق ژاپاروف نے مزید کہا کہ کرغزستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے اور دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے باہمی اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
