یوم فضائیہ پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج عقیدت، افسران اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر آصف زرداری نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا اور معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی، جرأت مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا، پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کو انکی پیشہ ورانہ تاریخ کے دوران شاندار کارکردگی پر دِلی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بلاشبہ گزشتہ کئی دہائیوں سے فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے، یہ ممتاز ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے جس نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کے ساتھ لبیک کہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ستمبر 1965ء میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کے جُوش و ولولہ اور عزم نے فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کیا، انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، بلاشبہ ان عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہمارے لیے قومی اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال پاک فضائیہ نے پاک افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، معرکۂ حق کے دوران جرأت مندانہ قیادت، غیر معمولی جنگی مہارت سے دشمن کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر تعداد میں کم ہوتے ہوئے بھی دشمن کا مقابلہ کرنے کی اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھا، جو ہمیشہ سے اس کی نمایاں شناخت رہی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس خصوصی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے لیے پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر ممکن چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار رہے گی۔
