Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دریائے چناب کے بہاؤ میں اتار چڑھاؤ کا خدشہ، پاکستان کا بھارت سے آبی ڈیٹا شیئرنگ بحال کرنے کا مطالبہ

پانی کے غیر متوقع بہاؤ، گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے اور تباہ کن سیلاب کے خطرات بڑھ رہے ہیں

پاکستان نے دریائے چناب کے بہاؤ میں بڑھتے ہوئے اتار چڑھاؤ کے خدشات کے پیشِ نظر سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے ساتھ پانی کے ڈیٹا کے تبادلے کا نظام بحال کرنے پر زور دیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق پاکستان نے دریائی بہاؤ سے متعلق قابلِ اعتماد اور بروقت معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے کے لیے مستقل انڈس کمیشن کی سرگرمیاں بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہمالیہ میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں اضافے کے باعث دریاؤں میں پانی کے غیر متوقع بہاؤ، گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے اور تباہ کن سیلاب کے خطرات بڑھ رہے ہیں، جس کے باعث بروقت آبی معلومات کا تبادلہ مزید اہم ہوگیا ہے۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سے قائم آبی اور ہائیڈرولوجیکل معلومات کے تبادلے کا نظام متاثر ہوا ہے۔

پاکستان کا مؤقف ہے کہ دریائی بہاؤ سے متعلق بروقت اور درست معلومات کی دستیابی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے، عوام کو پیشگی خبردار کرنے اور آبی وسائل کے بہتر انتظام کے لیے ضروری ہے۔

ماہرین نے بھی بڑھتے ہوئے سیلابی اور موسمیاتی خطرات کے پیشِ نظر پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پار آبی معلومات کے تبادلے کی بحالی پر زور دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مؤثر پیشگی انتباہی نظام اور بروقت ڈیٹا شیئرنگ سے ممکنہ سیلاب کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version