کوئٹہ: بلوچستان پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشین اور قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک جب کہ 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔
بلوچستان پولیس کے مطابق پشین کے علاقوں کلی سلطان، اژرم، دینار اور گیلو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی گئی کامیاب کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
مشترکہ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
بلوچستان پولیس نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں سے اہم اور حساس معلومات حاصل کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مشترکہ آپریشن کی قیادت ڈی آئی جی ژوب رینج، سی ٹی ڈی کمانڈر اور ایس ایس پی پشین نے کی۔
بلوچستان پولیس نے مزید بتایا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
