ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کی ہلاکت اور دو افسران سمیت 6 اہلکاروں کی شہادت پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے قوم کے بہادر سپوت ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ہنگو میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کی شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے دفاعِ وطن کے لیے بے مثال جرات و شجاعت کا مظاہرہ کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہنگو آپریشن میں 8 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جری جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور وطن کے دفاع کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں قوم برابر کی شریک ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ہنگو میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کی سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیاں قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ رہنماؤں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
