Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں؛ 28 دہشت گرد ہلاک

‘کارروائی کے دوران خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز کو بھی تباہ کردیا گیا’

اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور ٹل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کیں جن میں مجموعی طور پر 28 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق 20 ستمبر کو کوہاٹ اور ہنگو میں کی گئی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں فتنۃ الخوارج اور اس سے وابستہ دہشت گردوں کے 3 ٹھکانے تباہ کیے گئے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز کو بھی تباہ کردیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں ذخیرہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مجموعی کارروائی میں 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں متعدد خودکش بمبار بھی شامل تھے۔

وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے جنم لے رہا ہے تاہم شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو اولین ترجیح حاصل ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے مراکز کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا اور کارروائی کے دوران کسی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط کی گئی۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم ’’غضب لِلحق‘‘ پوری رفتار سے جاری رہے گی، غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version