خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد جہنم واصل کردیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں جس کے تحت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ و گولہ بارود اوردیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خوارج کی جانب سے سیکیورٹی فورسز سے بچنے کے لیے مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی جبکہ فورسز نے مسجد کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے انتہائی مہارت سے خوارج کو نشانہ بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
