لاہور: چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے جمادی الاوّل 1448 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا جس کے مطابق یکم جمادی الاوّل 13 اکتوبر 2026 بروز منگل کو ہوگی۔
مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس لاہور میں مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا جب کہ اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کے مطابق گوادر، جیوانی اور پسنی سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں سے جمادی الاوّل کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد یکم جمادی الاوّل 13 اکتوبر کو ہونے کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ اور مقبوضہ کشمیر، غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے بھی دعا کی گئی۔
