راولپنڈی: پاکستان اور ملائیشیا کی افواج کی دو ہفتے طویل مشترکہ فوجی مشق ’’حریماؤ مارخور چہارم‘‘ مکمل ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشترکہ مشق کا آغاز 7 اکتوبر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک کی افواج نے حصہ لیا۔
مشق کے دوران انسداد دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے، آپریشنل ڈرلز اور طریقہ کار کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی، جبکہ بہترین عملی تجربات کے تبادلے کے ذریعے فوجی اہلکاروں کی جنگی مہارتوں میں اضافے کی تربیت بھی فراہم کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حریماؤ مارخور چہارم پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
