سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمینِ حج واجبات کی دوسری قسط 20 اکتوبر تک لازمی جمع کروادیں جب کہ ادائیگی میں اب صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخ تک ادائیگی مکمل کریں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کا حج پورٹل یا پاک حج ایپ استعمال کرسکتے ہیں۔ حج پورٹل پر بینک کارڈ، ون لنک یا مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔ عازمین کے لیے ضروری ہے کہ وہ حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کریں اور ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کروائیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تصدیق شدہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا بھی لازمی ہے۔ عازمینِ حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواست اور دیگر ضروری کارروائی مکمل کرنے کے لیے تمام تقاضے بروقت پورے کریں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے مزید کہا کہ عازمینِ حج نئی معلومات اور تازہ ہدایات سے باخبر رہنے کے لیے پاک حج ایپ لازمی استعمال کریں۔



















