Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی بینک نے صوبہ سندھ کیلئے 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی

عالمی بینک دیہی پانی اور صفائی کے منصوبہ اسٹار واش ون کیلئے فنڈنگ فراہم کرے گا

اسلام آباد: عالمی بینک نے سندھ میں صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔

عالمی بینک کے اعلامیہ کے مطابق سندھ کے دیہی علاقوں میں 15 لاکھ افراد کو صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاہم عالمی بینک دیہی پانی اور صفائی کے منصوبہ اسٹار واش ون کیلئے فنڈنگ فراہم کرے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ منصوبے کے تحت سندھ کے دیہی علاقوں میں پانی کی آلودگی میں 50 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ سندھ کی 80 فیصد ہدفی دیہی آبادیوں کو پانی اور صفائی کی پیشہ ورانہ خدمات فراہم کی جائیں گی،

منصوبے کے تحت شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم نصب کیے جائیں گے، سندھ میں صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبے سے 14 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

عالمی بینک نے نشاندہی کی ہے کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں محفوظ پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کی سہولیات بہتر بنائی جائیں گی تاہم ان علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر نصف سے زائد بچے اسٹنٹنگ کا شکار ہیں، آلودہ پانی اور ناقص صفائی بچوں میں غذائی قلت اور کمزور نشوونما کی بڑی وجوہات ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ سندھ میں پانی اور صفائی کے نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے، منصوبے کے تحت سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کو دیہی واٹر اینڈ سینی ٹیشن یوٹیلیٹی کمپنی بنایا جائے گا۔

عالمی بینک کے مطابق پاکستان کے دیہی علاقوں میں پانی اور صفائی کی سہولیات کا 10 سالہ پروگرام چار مراحل میں مکمل ہوگا، اسٹار واش ون منصوبے کی مجموعی مالیت 54 کروڑ ڈالر مقرر ہے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک منصوبے کے لیے 15 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جبکہ سندھ حکومت منصوبے کے لیے 9 کروڑ ڈالر کے مساوی رقم فراہم کرے گی۔

عالمی بینک نے صاف پانی اور صفائی کے ذریعے بچوں کی بہتر نشوونما اور انسانی ترقی پر بھی زور دیا اور کہا کہ منصوبے میں بنیادی ڈھانچے کے ساتھ صفائی ستھرائی سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version