اسلام آباد: مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی سیاسی و دفاعی کمیٹی کا تیسرا دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں پاکستان سمیت تینوں شریک ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کر رہے ہیں۔
سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس آج اور کل جاری رہے گا، آج کے اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام ابتدائی بات چیت کے ساتھ گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ و دفاع کے ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت شریک ہوگی، دو روزہ اجلاس مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں منعقد ہو رہا ہے۔
توقع ہے شریک ممالک سیاسی مشاورت، انٹیلی جنس کے تبادلے، عسکری ہم آہنگی، باہمی آپریشنل صلاحیت اور دفاعی پیداوار و ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک گزشتہ اعلیٰ سطح کو آگے بڑھاتے ہوئے سیاسی ہم آہنگی کو علاقائی سلامتی کے تعاون کے زیادہ منظم فریم ورک میں ڈھالنے کے خواہاں ہیں۔
مذاکرات میں علاقائی پیش رفت، انسدادِ دہشت گردی کے تعاون، بحری سلامتی (میری ٹائم سیکیورٹی) اور سلامتی کے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
مکہ دفاعی اتحاد کے ارتقا پذیر فریم ورک میں انٹیلی جنس کے تبادلے، مشترکہ فوجی تربیت، دفاعی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مسلح افواج کے درمیان قریبی روابط کا تصور پیش کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شریک رہنمائوں کی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
