گزشتہ روز پی ایس ایل کے نمائشی میچ میں افتخار احمد نے پنجاب کے صوبائی وزیر کھیل وہاب ریاض کو ایک اوور میں 6 چھکے جڑ دیے تھے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 سے قبل کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو دو رنز سے شکست دی جب کہ میچ میں کوئٹہ کے بلے باز افتخار احمد نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ میچ کے 19 ویں اوور میں وہاب ریاض کو 6 چھکے بھی جڑ دیے۔
افتخار احمد کے 6 چھکوں پر شاداب خان کا دلچسپ تبصرہ سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’میرے چھوٹے بھائی افتخار نے پنجاب کے وزیر کھیل وہاب ریاض کا بھی لحاظ نہیں کیا‘۔
Mere chotay bhai @IftiAhmed221 ne sports minister @WahabViki ka bhi lehaz nahi kiya 🤷. Minister sb ko easy na lein, he will bounce back too. Great to see the love and support shown by the people of Quetta. They deserve the best. pic.twitter.com/gwTsw4aPHT
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) February 5, 2023
انہوں نے مزید کہا کہ منسٹر صاحب کو ایزی نہ لیں کیونکہ وہ باؤنس بیک کرسکتے ہیں جب کہ انہوں نے کوئٹہ کی عوام کی محبت اور سپورٹ پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 13 فروری سے ہوگا جو 19 مارچ تک جاری رہے گا جب کہ ٹورنامنٹ کے میچز کراچی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
