پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہانگ کانگ سکسز 2026 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں عباس آفریدی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا، جہاں روایتی حریف بھارت اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بھی مقابلہ ہوگا۔
ہانگ کانگ سکسز کا انعقاد 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ہانگ کانگ کے ٹن کوونگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں ہوگا، جبکہ پاکستانی ٹیم 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ روانہ ہوگی۔ تین روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں شرکت کریں گی، جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کو گروپ سی میں بھارت اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ قومی ٹیم 30 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 35 منٹ پر یو اے ای کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، جبکہ اسی روز روایتی حریف بھارت سے مقابلہ صبح 11 بج کر 15 منٹ پر ہوگا۔
گروپ اے میں آسٹریلیا، میزبان ہانگ کانگ چائنا اور انگلینڈ شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا کو رکھا گیا ہے۔ جنوبی افریقا، عمان اور افغانستان گروپ ڈی کا حصہ ہیں۔
ایونٹ کے پہلے روز 9 میچز کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی مقابلے میں آسٹریلیا اور ہانگ کانگ چائنا پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 45 منٹ پر مدمقابل ہوں گے، جبکہ بنگلادیش اور اسکاٹ لینڈ کا میچ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر شروع ہوگا۔
گروپ مرحلے کے باقی میچز 31 اکتوبر کو مکمل ہوں گے۔ اسی روز ناک آؤٹ مرحلہ بھی شروع ہوگا، جس میں ہر گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کپ سیمی فائنل، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں پلیٹ سیمی فائنل اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں باؤل سیمی فائنل کھیلیں گی۔
ٹورنامنٹ کے فائنلز اور پوزیشن کے تعین کے میچز یکم نومبر کو ہوں گے۔ کپ فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر شیڈول ہے، جبکہ باؤل فائنل صبح 10 بج کر 20 منٹ اور پلیٹ فائنل صبح 11 بج کر 15 منٹ پر کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال فائنل میں کویت کو شکست دے کر ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ یہ پاکستان کا اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چھٹا ٹائٹل تھا۔
پاکستانی اسکواڈ:
عباس آفریدی (کپتان)، عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود۔
