Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

راولپنڈی ٹیسٹ، پہلا دن ، پاکستان کے سری لنکا کے خلاف 5 وکٹوں پر 281 رنز

خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنالیے، ڈیبیو کرنے والے طیب عارف اور محمد طٰہٰ نے نصف سنچریاں بنا کر اپنے پہلے ٹیسٹ کو یادگار بنادیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مہمان بولرز کو دباؤ میں رکھا۔ اذان اویس اور ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

اذان اویس 35 گیندوں پر 30 رنز بناکر ملان رتھنائیکے کا شکار بنے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے، جبکہ اگلے ہی اوور میں اسیتھا فرنینڈو نے طیب عارف کو پویلین بھیج دیا۔ طیب نے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور دوسرے ڈیبیو کرنے والے محمد طٰہٰ نے اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کے لیے 69 رنز جوڑے۔ بابر اعظم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 35ویں نصف سنچری مکمل کی، تاہم وہ 58 گیندوں پر 50 رنز بناکر دلشان مدوشنکا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

محمد طٰہٰ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں نصف سنچری اسکور کی اور سعود شکیل کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ وہ 105 گیندوں پر 51 رنز بناکر سونل دینوشا کا شکار بنے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔

اس کے بعد سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے اسکور 250 رنز سے آگے پہنچایا، تاہم سلمان 16 رنز بناکر اسیتھا فرنینڈو کی دوسری وکٹ بن گئے۔

دن کے اختتام پر سعود شکیل 112 گیندوں پر 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل ہیں، جبکہ غازی غوری 7 رنز بناکر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔ پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنالیے ہیں اور اسے پہلی اننگز میں مضبوط پوزیشن حاصل کرنے کا موقع میسر ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version