مصنوعی ذہانت نے عسکری ہوا بازی کی دنیا میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا، امریکی ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پروجیکٹس ایجنسی ڈارپا کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر نے کامیابی سے ایف 16 جنگی طیارہ اڑا کر دکھا دیا۔
ڈارپا کے مطابق آزمائشی پرواز کے دوران وائپر آٹونومی کٹ نامی سافٹ ویئر نے طیارے کو آپریٹ کیا تاہم ایک انسانی پائلٹ بھی طیارے میں موجود تھا۔
یہ تجربہ جنگی طیاروں کے آپریشن میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد مستقبل میں ایسے خودکار نظام تیار کرنا ہے جو انسانی پائلٹس کے ساتھ مل کر فوجی فضائی کارروائیوں میں کام کرسکیں۔
ماہرین کے مطابق خودکار طیاروں کا استعمال مستقبل کی عسکری کارروائیوں میں انسانی پائلٹس کو خطرناک جنگی حالات سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، خصوصاً ایسے مشنز میں جہاں پائلٹس کی جان کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
ڈارپا کا یہ تجربہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ دفاعی شعبے میں مصنوعی ذہانت کا کردار تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ دنیا کی مختلف افواج ایسے خودکار نظام تیار کرنے پر توجہ دے رہی ہیں جو وہ پیچیدہ کام انجام دے سکیں جو ماضی میں مکمل طور پر انسانی اہلکاروں کی ذمہ داری سمجھے جاتے تھے۔
