مقبول انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت اور گروپ چیٹس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
نئے فیچرز میں مینشنز اور ریپلائیز کے لیے خصوصی فلٹر، پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پن کرنے، نئے گروپ ممبرز کو سابقہ پیغامات دکھانے اور گروپ کے ارکان کے ساتھ اسٹیٹس شیئر کرنے کی سہولت شامل ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق چیٹ لسٹ میں نیچے کی جانب سوائپ کرنے پر ظاہر ہونے والے فلٹر مینو میں اب ’’مینشنز اینڈ ریپلائیز‘‘ کا نیا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین آسانی سے ان گروپ چیٹس تک رسائی حاصل کر سکیں گے جہاں انہیں مینشن کیا گیا ہو یا ان کے پیغامات کا براہِ راست جواب دیا گیا ہو۔ اس میں تمام ممبرز کے لیے بھیجے گئے @all پیغامات بھی شامل ہوں گے۔
کمپنی نے گروپ چیٹس میں پیغامات پن کرنے کے فیچر کو بھی بہتر بنایا ہے، جس کے تحت اب صارفین کسی اہم پیغام کو غیر معینہ مدت تک پن کر سکیں گے۔ اس سے قبل پیغامات کو زیادہ سے زیادہ 30 دن کے لیے پن کرنے کی سہولت دستیاب تھی۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے صارفین کی درینہ خواہش پوری کرتے ہوئے نیا فلٹر متعارف کرادیا
ایک اور اہم فیچر کے تحت نئے گروپ ممبرز کو گروپ میں شامل ہونے کے بعد پہلے سے بھیجے گئے حالیہ پیغامات دیکھنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کیلئے چیٹ میں متعلقہ رکن کے نام پر ٹیپ کرنا ہوگا۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف کسی نئے شخص کو گروپ میں شامل کرتے وقت دستیاب تھی۔
اسی طرح واٹس ایپ گروپ اسٹیٹس شیئرنگ کا فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی اسٹیٹس اپ ڈیٹس کسی مخصوص گروپ کے ارکان کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ گروپ ممبرز ان اسٹیٹس کو دیکھنے، ان پر ردعمل دینے اور اپنے اسٹیٹس بھی شیئر کرنے کے اہل ہوں گے۔ یہ اپ ڈیٹس 24 گھنٹے بعد خود بخود غائب ہو جائیں گی۔
واٹس ایپ کے ان نئے فیچرز کا مقصد گروپ چیٹس کو مزید منظم، آسان اور مؤثر بنانا ہے تاکہ صارفین اہم پیغامات تک فوری رسائی حاصل کرنے کے ساتھ گروپ ممبرز کے درمیان رابطے اور معلومات کے تبادلے کو بھی بہتر بنا سکیں۔
