آؤٹ لک، کوپائلٹ اور مائیکروسافٹ ٹیمز سمیت کمپنی کی مختلف آن لائن سروسز 24 گھنٹے سے زائد تعطل کے بعد مکمل طور پر بحال ہوگئیں۔
مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ مختلف آن لائن سروسز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی دور کر دی گئی ہے اور تمام متاثرہ ایپلی کیشنز کی بحالی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دھوکہ دہی کے الزام میں 42 ہزار ایپلی کیشنز بند
کمپنی کے مطابق صارفین اب آؤٹ لک، ٹیمز، کوپائلٹ سمیت دیگر سروسز معمول کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ کی آن لائن سروسز میں یہ تعطل 24 گھنٹے سے زائد جاری رہا، جس کے باعث دنیا بھر میں کاروباری اداروں، سرکاری محکموں اور مختلف تنظیموں کو آن لائن رابطوں اور روزمرہ سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سروسز کی بندش کے باعث مائیکروسافٹ ٹیمز پر آن لائن میٹنگز، آؤٹ لک کے ذریعے ای میلز کی ترسیل اور کوپائلٹ کے استعمال میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔
سروسز کی مکمل بحالی کے بعد صارفین نے معمول کے مطابق اپنی آن لائن سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
