محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جون کو بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس نظام کے زیرِاثر سندھ میں کراچی، حیدرآباد سمیت، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور اندرون سندھ کے بعض دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
27 جون سے یکم جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا، بھکر اور میانوالی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
26 جون سے 30 جون کے دوران جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ 28 جون سے یکم جولائی کے دوران گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، بھمبر اور میرپور سمیت بعض دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب 26 سے 28 جون کے دوران بلوچستان کے ضلع لسبیلہ، خضدار، آواران، جھل مگسی، قلات، نصیرآباد، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ژوب اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔



















