Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں سردی کی دستک؛ آج موسم کیسا رہے گا؟ اہم پیشگوئی

دسمبر کے آغاز سے دن کے درجہ حرارت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے

کراچی میں سردی کی آمد کے آثار تو دکھائی دینے لگے ہیں تاہم شہریوں کو گرم کپڑے پہننے کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ رات کے اوقات میں خنکی کا احساس بڑھنے لگا ہے جبکہ دن کے وقت گرمی تاحال برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم جبکہ رات کے وقت سرد محسوس کیے جانے کا امکان ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی دھند بھی چھائی ہوئی ہے۔

 گزشتہ رات شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمالی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں کمی متوقع نہیں۔

موسمیاتی حکام کے مطابق دسمبر کے آغاز سے دن کے درجہ حرارت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔

Exit mobile version