امریکی ٹی وی فاکس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو اہلِ خانہ سمیت فوجی اڈے پر منتقل کردیا گیا ہے۔
فاکس نیوز کے مطابق امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اسکاٹ بیسنٹ کو ایران کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جن میں حالیہ دنوں کے دوران شدت آگئی تھی۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ خطرات میں اضافے کے باعث امریکی وزیر خزانہ اور ان کے اہلِ خانہ کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
امریکی ٹی وی کے مطابق محکمہ خزانہ نے بھی اسکاٹ بیسنٹ کی منتقلی کی تصدیق کردی ہے جبکہ امریکی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محفوظ رہائش گاہوں میں منتقل ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اسکاٹ بیسنٹ ایران پر تجارتی پابندیوں کے ذریعے اس کی مالیاتی سرگرمیاں محدود کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے اور ایرانی حکومت کی دھمکیوں کے باوجود اپنی پالیسی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
