Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خلا میں روس کا ایٹمی وار ہیڈ بھیجنے کا منصوبہ؟ جرمن انٹیلیجنس کا بڑا انکشاف

جرمن فوجی ماہرین دسمبر میں اس سیٹلائٹ کی لانچنگ کو ممکن قرار دے رہے ہیں

روس کی جانب سے خلا میں جوہری ہتھیار تعینات کرنے کی تیاریاں مکمل ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جرمن خفیہ ایجنسی اور مغربی انٹیلیجنس اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ماسکو رواں سال کے اختتام تک ایٹمی ہتھیار سے لیس سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیج سکتا ہے۔

جرمن میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر ’’اسپوتنک ایس‘‘ نامی سیٹلائٹ مکمل طور پر تیار ہے اور اسے ماسکو کے قریب ایک محفوظ مقام پر رکھا گیا ہے۔ مغربی انٹیلیجنس اداروں نے نومبر کے آغاز میں اس حوالے سے معلومات کا تبادلہ کیا تھا، جن کے مطابق سیٹلائٹ کو تقریباً 60 دن کے اندر خلا میں روانہ کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس میں سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جرمن فوجی حکام نے وزیر دفاع بورس پسٹوریئس سمیت اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کر دیا ہے۔ جرمن فوجی ماہرین دسمبر میں اس سیٹلائٹ کی لانچنگ کو ممکن قرار دے رہے ہیں، جبکہ مدار میں پہنچنے کے بعد اس کے فوری طور پر فعال ہونے کا خدشہ ہے۔

انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا سب سے تشویشناک پہلو زمین کے نچلے مدار میں ممکنہ جوہری دھماکا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو وہاں موجود سیٹلائٹس کا بڑا حصہ چند ماہ میں ناکارہ ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں نیویگیشن، مواصلاتی رابطوں اور موسمیاتی پیش گوئی کے نظام کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کی تباہ کن صورتحال سے نمٹنے کے لیے جرمنی کی موجودہ تیاری ناکافی ہو سکتی ہے۔

تاہم روس نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔ برلن میں روسی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اسے رپورٹس میں بیان کردہ کسی منصوبے کا علم نہیں۔ سفارت خانے نے روس کی خلائی سرگرمیوں سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں پروپیگنڈا مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

یوں روس کے مبینہ خلائی جوہری منصوبے سے متعلق انکشافات نے مغربی ممالک میں سیکیورٹی خدشات بڑھا دیے ہیں، تاہم ماسکو کی جانب سے ان الزامات کی تردید کے باعث معاملے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version