Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی وزیر قاتلانہ حملے میں ہلاک، پولیس اہلکار نے گولیاں مار دی

بھارت میں حکومت کے ایک وزیر کو آج دوپہر میں پولیس اہلکار نے گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا جو اسپتال میں دم توڑ گئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اُڑیسہ کے وزیر صحت نابا کشور داس آج دوپہر جھارسو گوڈا ضلع کے برجراج نگر کے نزدیک گاندھی پر پروگرام میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔

بھارتی وزیر جوں ہی اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو قریب کھڑے ایک پولیس اے ایس آئی گوپال داس نے ان پر دو گولیاں مار دیں، گولیاں لگنے کے بعد وزیر صحت نابا کشور داس نیچے گر پڑے۔

فائر کی آواز سنتے ہی وزیر کے استقبال کے لیے جمع لوگوں میں افراتفری پھیل گئی، وزیر صحت نابا کشور داس کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر صحت نابا کشور داس کے سینے میں دل کے عین نیچے گولیاں لگی ہیں اور ان کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں فوری طور پر بذریعہ طیارہ بھونیشور لے جایا گیا ہے جہاں ان کا آپریشن جاری تھا مگر ان کی جان نہ بچ سکی۔

برجراج نگر کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر گپتیشور بھوئی نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر صحت پر قاتلانہ حملہ کرنے والے اے ایس آئی گوپال داس کو مقامی لوگوں نے پکڑ لیا تھا جو اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔

صحت کے وزیر پر قاتلانہ حملے کی اُڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کرائم برانچ کو اس کی تحقیقات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

متعلقہ خبریں