شمالی کوریا کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ملک نے کئی اقسام کے مصنوعی سیارے مدار میں بھیجنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے نیشنل ایرواسپیس ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن کے نائب ڈائریکٹر پَک کیونگ سُو کا آج ایک انٹرویو نشر کیا جس میں انہوں نے مصنوعی سیارے مدار میں بھیجنے کی صلاحیت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی کوریا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ
انٹرویو میں نائب ڈائریکٹر پَک کیونگ سُو نے کہا کہ شمالی کوریا نے کثیر طریقوں سے کام کرنے والے اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل مصنوعی سیاروں کی تیاری میں مستحکم پیشرفت کی ہے۔
نائب ڈائریکٹر پَک کیونگ سُو کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا راکٹ لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہائی تھرسٹ انجن بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے، اُنہوں نے مزید کہا کہ اس نے ملک کو کئی اقسام کے مصنوعی سیارے مدار میں بھیجنے کی یقینی ضمانت فراہم کر دی ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا یہ اعلان پہلے ہی کر چکا ہے کہ وہ اپنے پہلے فوجی جاسوسی مصنوعی سیارے کیلئے اپریل تک تیاریاں مکمل کر لے گا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی کوریا کے صدر نے فوج کو اپنی طاقت دکھانے کا حکم دے دیا
شمالی کوریا کے رہنماء کِم جونگ اُن نے گزشتہ سال مارچ میں نیشنل ایرواسپیس ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن کا معائنہ کیا تھا اور مزید جاسوسی مصنوعی سیارے مدار میں بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
کِم جونگ اُن نے اُسی ماہ ملک کے شمال مغرب میں واقع تونگ چانگری میں مصنوعی سیارہ داغنے کے ایک مقام کا دورہ کیا تھا اور حکام کو ہدایت دی تھی کہ اپنی تنصیبات کو جدید ترین بنائیں اور انہیں وسعت دیں۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی برادری مسلسل چوکنا ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ شمالی کوریا اس مقام سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغنے کا ایک اور سلسلہ شروع کر دے.



















