افغانستان کے مزار شریف میں صحافیوں کی ایک تقریب کے دوران ہونے والے بم دھماکے سے 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق دھماکہ افغانستان کے صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں صحافیوں کے لیے ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ہوا، طالبان پولیس کے ترجمان کے مطابق 5 صحافیوں سمیت 8 افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔
بلخ پولیس کے لیے طالبان کے مقرر کردہ ترجمان محمد آصف وزیری نے بتایا کہ دھماکہ صوبے کے دارالحکومت مزار شریف میں تبیان فرہنگ مرکز میں اس وقت ہوا جب صحافی ایوارڈ کی تقریب میں جمع تھے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں دھماکہ، صوبہ بلخ کے گورنر جاں بحق
ایک دھماکہ بلخ کے دوسرے پولیس ڈسٹرکٹ میں ہوا ہے، محمد آصف وزیری نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ مزار شریف میں ایک بم دھماکے میں صوبائی گورنر داؤد مزمل اور دو دیگر افراد کی ہلاکت کے دو دن بعد پیش آیا، جس میں چار مزید افراد زخمی ہوئے تھے۔
بلخ میں مقیم ایک صحافی محمد فردین نوروزی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وہ اور دیگر صحافی اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، زخمی صحافیوں میں آریانا نیوز ٹیلی ویژن سٹیشن کے رپورٹر نجیب فریاد بھی شامل تھے، جنہوں نے کہا کہ انہیں ایسا لگا جیسے ان کی پیٹھ میں کوئی چیز ٹکرائی ہے جس کے بعد وہ زمین پر گر گئے۔




















