Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلہ دیش، مسافر بس کھائی میں جا گری، 19 افراد ہلاک

بنگہ دیش میں ایک مسافر بس حفاظتی دیوار کو توڑتی ہوئی کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع شبچار میں ایک بس ہائی وے کی باڑ سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں شبہ ہے کہ ڈرائیور بس پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھا تھا اور حال ہی میں بنائی گئی ایکسپریس وے کی ریلنگ کو توڑتی ہوئی 30 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔

مقامی پولیس کے سربراہ مسعود عالم نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے جبکہ کم از کم 12 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں دارالحکومت کے ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

شبچار کے پولیس اہلکار انور حسین نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کچھ زخمی مسافروں کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں پرانی اور خراب گاڑیوں اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ ناقص تربیت یافتہ ڈرائیوروں کی وجہ سے سڑک حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں بنگلہ دیش میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران دو ہفتوں کے دوران 300 سے زائد سڑک حادثات میں تقریباً 400 افراد ہلاک اور اس تعداد سے دوگنا زخمی ہوئے۔

بنگلہ دیشی مسافروں کی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مطابق بنگلہ دیش میں گزشتہ سال سڑک حادثات میں ریکارڈ 9,951 افراد ہلاک ہوئے۔

متعلقہ خبریں