Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے مخالفین کو ایٹمی حملے کی دھمکی دیدی 

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے ایک بار مخالفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایٹمی حملہ کرنے میں بالکل بھی نہیں ہچکچائیں گے۔ 

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ نے ملٹری میزائل بیورو میں فرائض انجام دینے والے فوجی اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں چند روز قبل کیے گئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کے کامیاب تجربے پر مبارک دی۔

اس موقع پر کم جونگ ان نے کہا کہ حالیہ میزائل تجربہ فوج کی ملک سے وفاداری اور ایک مضبوط موقف کی حمایت کرتا ہے اور یہ ہماری جوہری حکمت عملی اور جارحانہ جوابی کارروائی کی وضاحت ہے کہ اگر دشمن اکسائے تو جوہری حملہ کرنے میں بھی دریغ نہ کیا جائے۔

انہوں نے واضح پیغام دیا کہ اگر دشمن ہمارے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیوں سے باز نہ آیا تو ہم ایٹمی حملہ کرنے میں پہل کریں گے اور ہماری فورسز ہر طرح کے چینلجز کے لیے تیار ہیں جب کہ حالیہ میزائل تجربے نے شمالی کوریا کی تیز رفتار حملے کی صلاحیت کو ظاہر کیا ہے اور ملک کی جنگی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا نے پیر کے روز بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کا مقصد امریکا کے خلاف اپنی جوہری طاقت کا اندازہ لگانا ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کی جانب سے کیے گئے حالیہ میزائل تجربات پر امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے تینوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا جس میں شمالی کوریا کو جارحیت کے بغیر اور بغیر کسی شرائط کے مذاکرات پر زور دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں