Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کی جانب سے 2020 میں مار گرائے جانے والے طیارے کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج

ایران کی جانب سے 2020 میں مار گرائے جانے والے طیارے کے خلاف مختلف ممالک نے اقوام متحدہ میں شکایت درج کرا دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق کینیڈا، سویڈن، یوکرین اور برطانیہ نے اقوام متحدہ کی سول ایوی ایشن ایجنسی میں ایران کے خلاف 2020 کے طیارہ حادثے میں 176 افراد کی ہلاکت پر شکایت درج کرائی ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں چاروں ممالک نے تہران پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پرواز کے دوران سول طیارے کے خلاف ہتھیار وں کا استعمال کیا۔

اس سانحے کے چار سال بعد دونوں ممالک نے مونٹریال میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کے ساتھ تنازعات کے تصفیے کی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ یہ فائلنگ اس بات کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم میں ایک اہم قدم ہے کہ اس سانحے سے متاثرہ خاندانوں کو وہ انصاف ملے جس کے وہ مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ 8 جنوری 2020 کو یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز تہران سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد بوئنگ 737-800 گر کر تباہ ہو گئی تھی۔

اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں زیادہ تر کینیڈین اور ایرانی شہری تھے۔

تین دن بعد ایران نے اعتراف کیا کہ اس کی فوج نے غلطی سے کیف جانے والے طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے دو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔

ایرانی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے اپنی ایک رپورٹ میں زمین پر موجود اپنے فوجیوں کی “چوکسی” کی طرف اشارہ کیا ہے، جنہوں نے اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان میزائل داغے تھے۔

کینیڈا، سویڈن، یوکرین اور برطانیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے گزشتہ چار سال سے پی ایس 752 طیارے کو مار گرانے کی مکمل قانونی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر رکھا ہے۔

جولائی میں اس کثیر الملکی گروپ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اپنا مقدمہ دائر کیا تھا اور متاثرین کے اہل خانہ کے لیے ایران سے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں