ترکیہ میں کیبل کار حادثے میں بچوں سمیت 174 مسافروں کو 23 گھنٹے بعد بچا لیا گیا۔
خلیجی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق ترکیہ کے مشہور سیاحتی شہر انطالیہ میں جمعے کی سہ پہر کیبل کار کے حادثے کا شکار ہونے والے 174 مسافروں کو بچا لیا گیا۔
کیبل کار کے حادثے میں دس افراد زخمی ہو گئے تھے۔
جنوبی ترکیہ میں کیبل کار حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد امدادی کارکنوں نے 23 گھنٹوں تک فضا میں کیبل کار میں پھنسے درجنوں مسافروں کو نکالنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔
وزیر صحت فرحتین کوکا نے کہا کہ ساریسو-ٹونیکٹیپ سسٹم میں ایک کیبل کار پتھریلے علاقے میں گر گئی۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی افاد کے سربراہ اوکے میمس نے کہا کہ انتہائی خطرناک آپریشن کے بعد کم از کم 16 کیبل کاروں سے بچوں سمیت مجموعی طور پر 174 مسافروں کو ‘کامیابی’ سے بچایا گیا۔
میمس نے مزید کہا کہ یہ حادثہ کیبل کار کے اوپری حصے میں ایک میکانزم کے ٹوٹنے کے بعد پیش آیا۔
ترکیہ حکام کا کہنا ہے کہ دس ہیلی کاپٹر اور 600 سے زائد امدادی کارکن جائے حادثہ پر موجود ہیں جن میں ماہر کوہ پیما بھی شامل ہیں۔



















