Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یو این سیکرٹری جنرل کی پاکستان اور بھارت کو ثالثی کی پیش کش

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد ثالثی کی پیشکش کردی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل، تدبر اور دانشمندی سے کام لیں اور کسی بھی عسکری تصادم سے گریز کریں۔

یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اقوام متحدہ کشیدگی میں کمی، سفارت کاری اور امن کے قیام میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی؛ ترکیہ پاکستان کی حمایت میں سامنے آگیا

انتونیو گتریس نے پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گرد حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو شفاف اور قانونی طریقے سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

یو این سیکرٹری جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بھارت کشیدگی اس وقت کئی برسوں کی بلند ترین سطح پر ہے اور موجودہ نازک صورتحال میں کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلسل بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرانے کے لیے عالمی دنیا سرگرم

انہوں نے یاد دلایا کہ ’’فوجی حل کوئی حل نہیں ہے‘‘ اور یہی وقت ہے کہ دونوں ممالک صبر، امن پسندی اور سفارت کاری کے ذریعے آگے بڑھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ دونوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امن و استحکام کے لیے ہر ممکن سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ خبریں