تہران: اسرائیل کے تہران پر حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف محمد کاظمی اور ان کے نائب جنرل حسن محقق شہید ہوگئے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے اتوار کے روز اسرائیل کی جانب سے تہران پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں پاسدارانِ انقلاب اسلامی (IRGC) کے انٹیلی جنس چیف جنرل محمد کاظمی اور ان کے نائب جنرل حسن محقق کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
جنرل محمد کاظمی کو 2022 میں پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلی جنس ونگ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، وہ ایران کی داخلی اور خارجی سلامتی سے متعلق متعدد اہم معاملات میں مرکزی کردار ادا کر رہے تھے اور ان کے نائب جنرل حسن محقق بھی حساس ذمہ داریوں پر مامور تھے اور قومی سلامتی کے کئی اہم آپریشنز میں شامل رہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق اس حملے میں ایک اور اعلیٰ ایرانی کمانڈر جنرل محسن باقری بھی شہید ہوئے ہیں۔
ایرانی حکام نے اس حملے کو ایران کی خودمختاری پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور اس کے حامی یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ ایران کی جوابی کارروائیاں نہ صرف بھرپور اور مؤثر ہوں گی بلکہ اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اسرائیل کا مکمل خاتمہ عمل میں نہیں آجاتا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 224 افراد شہید ہوئے، حملوں میں شہید ہونے والوں میں 90 فیصد عام شہری ہیں جبکہ شہدا میں 14 ایٹمی سائنسدان اور 20 فوجی کمانڈرز بھی شامل ہیں۔



















