سپریم کورٹ آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم اور تاریخی مفاہمتی یادداشت پر 6 اپریل کو دستخط کیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوگی، جس میں ترکیہ کی آئینی عدالت کا اعلیٰ سطحی وفد شرکت کرے گا۔ وفد کی قیادت قادر اوزکایا کریں گے۔
تقریب میں سپریم کورٹ کے معزز ججز، وفاقی آئینی عدالت کے جج صاحبان، چاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل، سیکرٹری قانون و انصاف، سیکرٹری خارجہ، ضلعی عدلیہ کے ججز اور وکلاء برادری کے نمائندگان شریک ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان ججز کے تبادلے، تربیتی پروگرامز، اور قانونی مہارت کے فروغ پر اتفاق کیا جائے گا، جبکہ عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے پر بھی زور دیا جائے گا۔
مزید برآں عدالتی اصلاحات، درپیش چیلنجز اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ تقریب کو سپریم کورٹ سے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
ترک وفد اپنے دورے کے دوران ٹیکسلا اور لاہور کے تاریخی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی خودمختاری، قانون کی حکمرانی اور عوام کو فوری و شفاف انصاف کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



















