Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور مصر کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق ’’تھنڈر 2‘‘ کا آغاز

اس مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان دو طرفہ انسداد دہشت گردی مشق ’’تھنڈر 2‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی آیس پی آر) کے مطابق یہ دو ہفتے طویل مشق 6 اپریل 2026 کو ضلع چراٹ میں واقع اسپیشل آپریشنز اسکول میں شروع ہوئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور مصری فوج کے اسپیشل فورسز کے دستے اس مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان پاک نے بتایا کہ مشق کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول چراٹ تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ اس مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ فوجی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

ترجمان پاک نے مزید بتایا کہ مشق میں حصہ لینے والے دستے انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے حوالے سے باہمی تجربات اور مہارت کے تبادلے سے استفادہ کریں گے۔

متعلقہ خبریں